اسلام آباد: وفاقی بجٹ پر تحفظات کے معاملے پر حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ بجٹ سے متعلق اپنے تحفظات پر حکومت سے مزید بات چیت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو بجٹ کے اہم نکات اور مالیاتی اعداد و شمار پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے پارٹی کے بعض تحفظات موجود ہیں، جن پر حکومت کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار کے ساتھ ابتدائی تبادلہ خیال ہوا ہے اور آئندہ دنوں میں مزید ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
دریں اثنا، خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی اور پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا نے بھی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔
اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے خیبر پختونخوا میں گندم کی قلت اور ممکنہ غذائی بحران پر تشویش کا اظہار کیا اور گورنر فیصل کریم کنڈی کو اس معاملے میں فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے اور صوبے کے حقوق کے لیے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔