حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مردان: زمین کے تنازع پر گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ، میاں بیوی اور بہو قتل Home / پاکستان /

مردان: زمین کے تنازع پر گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ، میاں بیوی اور بہو قتل

ایڈیٹر - 17/06/2026
مردان: زمین کے تنازع پر گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ، میاں بیوی اور بہو  قتل

مردان  : خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں تھانہ گڑھی کپورہ کی حدود میں اراضی کے دیرینہ تنازع پر مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کی بہو موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ کے اس ہولناک واقعے میں مقتولین کا بیٹا معجزانہ طور پر بال بال بچ گیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، گڑھی کپورہ کے علاقے خانہ کھنڈرے میں افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسلح ملزمان نے اراضی کے تنازع پر ایک مکان پر دھاوا بول دیا۔ پولیس کو دی گئی ابتدائی رپورٹ میں واقعے کے عینی شاہد اور مقتولین کے بیٹے ضیا علی نے بیان کیا کہ وہ صبح کے وقت اپنے کمرے میں موجود تھا، جبکہ اس کے والدین اور اہلیہ برآمدے میں سو رہے تھے۔ اسی دوران اچانک فائرنگ کی شدید آوازیں سنائی دیں۔

ضیا علی کے مطابق، جب وہ گھبرا کر اپنے کمرے سے باہر نکلا تو اس نے دیکھا کہ پڑوسی بلال اور مبصر ولد عبدالسلام، اور شاہ فاضل اور علی زمان ولد محمد زمان مسلح ہو کر ان کے گھر میں موجود تھے۔ ملزمان نے ضیا علی کے والدین اجمل خان اور ان کی والدہ، اور اہلیہ کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی۔ ملزمان نے ضیا علی کو دیکھتے ہی اس پر بھی سیدھی گولیاں چلائیں، تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ فائرنگ کے نتیجے میں اجمل خان، ان کی اہلیہ اور بہو شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

مقتول کے بیٹے نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان کے ساتھ ان کا اراضی کا پرانا تنازع چل رہا تھا، جس کی رنجش میں یہ تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات انجام دی گئی۔ ملزمان جرم کا ارتکاب کرنے کے بعد اسلحہ لہراتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی گڑھی کپورہ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے ضیا علی کی مدعیت میں نامزد ملزمان کے خلاف تہرے قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔