کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے فضائی میزبانوں کے لیے ضابطۂ اخلاق مزید سخت کرتے ہوئے تمباکو نوشی سے متعلق اشیا اپنے ساتھ رکھنے پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں فوری معطلی اور تادیبی کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے جاری نئی ہدایات کے مطابق کیبن کریو کو دورانِ ڈیوٹی اور ہوٹل میں قیام کے دوران سگریٹ، سگار، پائپ، تمباکو اور دیگر متعلقہ اشیا اپنے ذاتی سامان میں رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ایئرلائن انتظامیہ نے فضائی میزبانوں کے ذاتی سامان سے متعلق قواعد مزید سخت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نئی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا اور کسی بھی خلاف ورزی کو سنگین بدانتظامی تصور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اگرچہ کسٹمز قوانین کے تحت فضائی عملے کو محدود تعداد میں سگریٹ رکھنے کی اجازت حاصل ہے، تاہم پی آئی اے نے اپنے داخلی قواعد کے تحت عملے کے لیے مزید سخت شرائط نافذ کر دی ہیں۔
انتظامیہ نے تمام فضائی میزبانوں کو نئی پالیسی سے آگاہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کو فوری طور پر ڈیوٹی سے معطل کر دیا جائے گا، جس کے بعد ان کے خلاف باضابطہ انکوائری اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب اس حوالے سے رابطہ کرنے پر پی آئی اے کے ترجمان نے کوئی باضابطہ مؤقف دینے سے گریز کیا ہے۔
پی آئی اے کی جانب سے جاری کیے گئے نئے ضابطے کو قومی ایئرلائن میں نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ معیار کو مزید بہتر بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔