حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امریکا اور ایران کے درمیان تاریخی معاہدہ جمعے کو متوقع، سوئٹزرلینڈ کا انتہائی محفوظ ریزورٹ منتخب کرلیا گیا Home / بین الاقوامی /

امریکا اور ایران کے درمیان تاریخی معاہدہ جمعے کو متوقع، سوئٹزرلینڈ کا انتہائی محفوظ ریزورٹ منتخب کرلیا گیا

ایڈیٹر - 17/06/2026
امریکا اور ایران کے درمیان تاریخی معاہدہ جمعے کو متوقع، سوئٹزرلینڈ کا انتہائی محفوظ ریزورٹ منتخب کرلیا گیا

جنیوا/برن: امریکا اور ایران کے درمیان متوقع تاریخی معاہدے پر دستخط کی تقریب جمعے کے روز سوئٹزرلینڈ کے معروف پہاڑی ریزورٹ برگن اسٹاک میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔ اس پیش رفت کی تصدیق سوئس وزارتِ خارجہ نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں کی ہے۔

سوئس حکام کے مطابق برگن اسٹاک ریزورٹ وسطی سوئٹزرلینڈ کے شہر لوسرن کے قریب واقع ہے اور اپنی جغرافیائی ساخت، محدود رسائی اور سخت حفاظتی انتظامات کی وجہ سے حساس سفارتی سرگرمیوں کے لیے ایک مثالی مقام سمجھا جاتا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مقام کے انتخاب پر صرف سوئس حکام ہی نہیں بلکہ مذاکرات میں کردار ادا کرنے والے پاکستان اور قطر کے ثالثوں کے علاوہ امریکا اور ایران نے بھی اتفاق کیا۔ تمام فریقین نے اسے سیکیورٹی اور سفارتی ضروریات کے حوالے سے موزوں ترین مقام قرار دیا ہے۔

حکام کے مطابق برگن اسٹاک ریزورٹ ماضی میں بھی کئی اہم بین الاقوامی اجلاسوں، امن مذاکرات اور اعلیٰ سطحی سفارتی ملاقاتوں کی میزبانی کر چکا ہے، جس کے باعث اسے ایک محفوظ اور قابلِ اعتماد مقام کی حیثیت حاصل ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر امریکا اور ایران کے درمیان یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو اسے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی پیش رفت کے طور پر دیکھا جائے گا۔ تاہم مجوزہ معاہدے کی تفصیلات ابھی تک عوامی سطح پر سامنے نہیں لائی گئیں۔

سوئس حکام نے بتایا ہے کہ تقریب کے موقع پر غیرمعمولی سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے اور ریزورٹ کے اطراف کے بعض علاقوں کو عارضی طور پر بند رکھا جائے گا۔

دوسری جانب امریکا، ایران اور پاکستان کی حکومتوں کی جانب سے تاحال اس معاہدے یا دستخطی تقریب کے حوالے سے باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔