حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے مالی سال 2026-27 کیلئے 2 بجٹ تیار کر لیے Home / سیاست /

محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے مالی سال 2026-27 کیلئے 2 بجٹ تیار کر لیے

ایڈیٹر - 17/06/2026
محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے مالی سال 2026-27 کیلئے 2 بجٹ تیار کر لیے

پشاور: خیبرپختونخوا کے آئندہ مالی سال 27-2026 کے بجٹ کی منظوری اور پیشکش کے معاملے پر صوبائی حکومت اور محکمہ خزانہ کے درمیان تائید و تذبذب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق محکمہ خزانہ نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دو مختلف بجٹ دستاویزات تیار کر رکھی ہیں، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے تین ماہ کا عبوری بجٹ پیش کرنے سے متعلق ابھی تک کوئی حتمی احکامات موصول نہیں ہوئے ہیں۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ خزانہ کی جانب سے تیار کردہ پہلے آپشن کے تحت صوبے کا مجموعی مکمل بجٹ 2200 ارب روپے سے زائد حجم کا ہے، جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے لیے 500 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم مختص کرنے کی تجویز ہے۔ اس کے برعکس، دوسرے آپشن کے طور پر تین ماہ کے لیے 300 ارب روپے سے زائد کا عبوری بجٹ تیار کیا گیا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر سہ ماہی بجٹ پیش کیا گیا تو اس میں صرف جاری اور غیر ترقیاتی اخراجات جیسے تنخواہیں اور پنشن کی منظوری دی جائے گی، جبکہ اس دوران صوبے میں کسی بھی نئے ترقیاتی منصوبے کے لیے فنڈز جاری نہیں کیے جائیں گے۔

دوسری جانب اس بجٹ تاخیر کے پیچھے سیاسی محرکات بھی سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور مشاورت تک صوبے کا حتمی بجٹ پیش نہیں کیا جائے گا، اور خیبرپختونخوا حکومت صرف 3 ماہ کا بجٹ پیپر پاس کرنے پر اکتفا کرے گی۔ سیاسی اور انتظامی ڈیڈ لاک کے باعث صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کا مستقبل اب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حتمی فیصلے سے مشروط ہو چکا ہے۔