حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ریاض: سعودی عرب سے ایک ہی ہفتے میں 7 ہزار 989 غیر قانونی باشندے ملک بدر Home / بین الاقوامی /

ریاض: سعودی عرب سے ایک ہی ہفتے میں 7 ہزار 989 غیر قانونی باشندے ملک بدر

ایڈیٹر - 15/06/2026
ریاض: سعودی عرب سے ایک ہی ہفتے میں 7 ہزار 989 غیر قانونی باشندے ملک بدر

سعودی عرب میں غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف گرینڈ آپریشن: ایک ہفتے میں 10 ہزار 725 افراد گرفتار، 7 ہزار 989 ملک بدر

ریاض  : سعودی عرب میں اقامہ، لیبر لا اور بارڈر سیکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف سیکیورٹی اداروں نے کریک ڈاؤن تیز کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر گرفتاریاں اور ملک بدری کی کارروائیاں کی ہیں۔ سعودی وزارتِ داخلہ اور متعلقہ سرکاری اداروں کے اشتراک سے کیے گئے حالیہ مشترکہ معائنوں کے دوران مجموعی طور پر 10 ہزار 725 غیر قانونی مقیم افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ ریکارڈ تعداد میں غیر قانونی باشندوں کو ملک بدر کر دیا گیا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق یہ گرفتاریاں 4 جون سے 10 جون کے درمیانی عرصے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئیں۔ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گرفتار افراد میں سب سے بڑی تعداد ریزذیڈنسی یعنی اقامہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی ہے جن کی تعداد 5 ہزار 899 ہے۔ اس کے علاوہ بارڈر سیکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 3 ہزار 84 افراد جبکہ لیبر لا (قانونِ محنت) کی خلاف ورزی کرنے والے 1 ہزار 742 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

سعودی حکام نے کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ سخت قانونی چارہ جوئی کے بعد مجموعی طور پر 7 ہزار 989 غیر قانونی مقیم افراد کو مستقل طور پر ملک بدر کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایسے غیر قانونی تارکینِ وطن جن کے پاس سفری دستاویزات موجود نہیں تھیں، ان کے خلاف بھی تیز رفتاری سے کارروائی جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق 14 ہزار 268 افراد کو سفری دستاویزات (پاسپورٹ/آؤٹ پاس) کے حصول کے لیے ان کے متعلقہ ممالک کے سفارتی مشنز اور سفارت خانوں میں بھیج دیا گیا ہے تاکہ ان کی فوری وطن واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔

سعودی وزارتِ داخلہ نے ایک بار پھر عزم دہرایا ہے کہ اقامہ اور بارڈر سیکیورٹی قوانین پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے، انہیں پناہ یا سفری سہولیات فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف سخت سزائیں اور جرمانے عائد کیے جائیں گے۔