مارخور گروپ آف کمپنیز نے مختصر عرصے میں ایک اور نمایاں کامیابی اپنے نام کر لی۔ کمپنی کو “بیسٹ ایمرجنگ برانڈ آف دی ایئر” ایوارڈ سے نوازا گیا، جبکہ “ایمرجنگ سی ای او آف دی ایئر” کا اعزاز گروپ چیئرمین نبیل آفریدی کے نام رہا۔
یہ ایوارڈز پاکستان کے ممتاز کاروباری اداروں کی جانب سے آج میریٹ ہوٹل کراچی میں منعقدہ سالانہ تقریب کے سترہویں ایڈیشن میں دیے گئے، جہاں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مارخور گروپ آف کمپنیز کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہوا۔گروپ چیئرمین نبیل آفریدی کاروباری سلسلے میں یورپ میں تھے جہاں ان کے بھائی یاسین آفریدی نے دونوں ایوارڈ وصول کیے ،
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گروپ چیئرمین نبیل آفریدی نے کہا کہ ایک قبائلی اور ماضی میں جنگ سے متاثرہ علاقے سے تعلق رکھنے والی سوچ اور محنت کا آج خیبر سے کراچی تک ملک کے بڑے سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے درمیان اس مقام تک پہنچنا کسی خواب کی تعبیر سے کم نہیں۔ انہوں نے اس کامیابی کا تمام تر کریڈٹ اپنی کمپنیوں کی محنتی، باصلاحیت اور مخلص ٹیم کو دیا۔
نبیل آفریدی نے کہا کہ اگر پاکستان کے نوجوان شارٹ کٹ کے بجائے مستقل مزاجی، محنت اور اپنے مصنوعات و خدمات کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ دیں تو وہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اجتماعی سطح پر دیانت داری اور لگن کے ساتھ کی جانے والی محنت کا صلہ اللہ تعالیٰ ضرور عطا فرماتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ وہ اور ان کی پوری ٹیم مارخور گروپ آف کمپنیز کو بین الاقوامی سطح پر ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد برانڈ بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، اور اس سفر کو اس وقت تک نہیں روکیں گے جب تک کمپنی عالمی سطح پر اپنی نمایاں شناخت قائم نہ کر لے