حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اعلان، صحت کارڈ پر اب او پی ڈی کی مفت سہولت بھی ملے گی Home / پاکستان /

خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اعلان، صحت کارڈ پر اب او پی ڈی کی مفت سہولت بھی ملے گی

ایڈیٹر - 14/06/2026
خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اعلان، صحت کارڈ پر اب او پی ڈی کی مفت سہولت بھی ملے گی

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کارڈ پروگرام کے دائرہ کار میں مزید توسیع کرتے ہوئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے خاندانوں کے لیے اسپتالوں میں او پی ڈی (بیرونی مریضوں) کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نئی سکیم کا باقاعدہ آغاز یکم جولائی سے کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس منصوبے کو نئے مالی سال کے بجٹ کا حصہ بنایا گیا ہے اور ابتدائی مرحلے میں اس سہولت کا آغاز صوبے کے پانچ اضلاع میں کیا جائے گا۔ ان اضلاع میں مردان، ملاکنڈ، اپر چترال، لوئر چترال اور کوہاٹ شامل ہیں۔

صوبائی حکومت نے اس سے قبل ضلع مردان میں تجرباتی بنیادوں پر صحت کارڈ کے ذریعے او پی ڈی کی سہولت متعارف کرائی تھی، جس کے مثبت نتائج سامنے آنے کے بعد اس منصوبے کو مزید اضلاع تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق یہ سہولت بنیادی صحت مراکز اور دیگر سرکاری طبی مراکز کی سطح پر فراہم کی جائے گی، تاہم ابتدائی مرحلے میں صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈ ہولڈرز ہی اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

صحت حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کم آمدنی والے اور مستحق خاندانوں کو علاج معالجے کی مزید آسان اور مفت سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں روزمرہ طبی اخراجات کے بوجھ سے بچایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت اس وقت صحت کارڈ پروگرام کے تحت شہریوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سالانہ تقریباً 40 ارب روپے خرچ کر رہی ہے، جبکہ او پی ڈی سروس کے آغاز سے صحت کارڈ پروگرام کے دائرہ کار میں مزید بہتری اور وسعت آئے گی۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ منصوبہ کامیاب رہا تو آئندہ مرحلے میں اسے صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جا سکتی ہے، جس سے لاکھوں مستحق خاندانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔