واشنگٹن: امریکا میں معمول کی تربیتی پرواز کے دوران امریکی میرین کور کا ایک جنگی طیارہ حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، تاہم طیارے کے پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ کرکے اپنی جان بچا لی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی میرین کور کا ایف اے اٹھارہ ہارنیٹ لڑاکا طیارہ ریاست واشنگٹن کے ایک پہاڑی علاقے میں تربیتی مشق کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طیارے کے پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کے دوران بروقت ایجیکشن سسٹم استعمال کیا، جس کے باعث وہ محفوظ رہنے میں کامیاب رہے۔ پائلٹ کو معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں اور انہیں طبی معائنے اور علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں، تاہم واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تفتیشی ٹیمیں یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہیں کہ طیارہ تکنیکی خرابی، موسمی حالات یا کسی اور وجہ سے حادثے کا شکار ہوا۔
امریکی میرین کور کی جانب سے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حادثے سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔