دزفول: ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کے سینئر کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ آنے والے وقت میں دنیا ایران کی فتح اور دشمن کے خلاف مزاحمتی محاذ کی کامیابی کی گونج سنے گی۔
ایرانی خبر رساں ادارے پریس ٹی وی کے مطابق میجر جنرل علی عبداللہی نے یہ بات میجر جنرل غلام علی رشید اور ان کے صاحبزادے امین عباس رشید کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب کے نام اپنے پیغام میں کہی۔ یہ تقریب ایرانی شہر دزفول میں منعقد ہوئی۔
میجر جنرل غلام علی رشید، جنہیں 2016 میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کا کمانڈر مقرر کیا تھا، اپنی شہادت تک اسی عہدے پر فائز رہے۔ ایرانی حکام کے مطابق وہ اور ان کے بیٹے 13 جون 2025 کو اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہوئے تھے۔
اپنے پیغام میں میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ اگرچہ میجر جنرل رشید کی شہادت ایک بڑا نقصان تھی، تاہم اس واقعے نے ایران کی دفاعی صلاحیت اور قومی عزم کو مزید نمایاں کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن یہ سمجھتا تھا کہ اعلیٰ فوجی قیادت کو نشانہ بنا کر ایران کے دفاعی نظام کو کمزور کیا جا سکتا ہے، تاہم حقیقت اس کے برعکس ثابت ہوئی اور یہ قیادت اپنے پیچھے حکمت عملی اور تجربے کی مضبوط میراث چھوڑ گئی ہے۔
ایرانی کمانڈر کے مطابق اس وقت مسلح افواج اسی دفاعی حکمت عملی کے تحت جدید جنگی چیلنجز، بشمول ہائبرڈ اور ذہنی جنگی مہمات کا مقابلہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی بری، بحری اور فضائی افواج جدید مقامی دفاعی صلاحیتوں اور مضبوط عوامی حمایت کے ساتھ ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا رہی ہیں۔
میجر جنرل علی عبداللہی نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ عوامی حمایت اور قومی اتحاد کے ساتھ ایران جلد اپنے دشمنوں کے مقابلے میں کامیابی حاصل کرے گا اور اس فتح کی آواز پوری دنیا میں سنی جائے گی۔