حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستان میں غربت کی بڑھتی ہوئی شرح سے ایک سال میں 8 لاکھ شہری بیرون ملک جانے پر مجبور Home / پاکستان /

پاکستان میں غربت کی بڑھتی ہوئی شرح سے ایک سال میں 8 لاکھ شہری بیرون ملک جانے پر مجبور

ایڈیٹر - 12/06/2026
پاکستان میں غربت کی بڑھتی ہوئی شرح  سے ایک سال میں 8 لاکھ شہری بیرون ملک جانے پر مجبور

اسلام آباد: پاکستان میں غربت کی شرح میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران روزگار کے بہتر مواقع کی تلاش میں 8 لاکھ سے زائد پاکستانی بیرونِ ملک منتقل ہو گئے۔ یہ اعداد و شمار وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اقتصادی سروے میں سامنے آئے ہیں۔

قومی اسمبلی میں اقتصادی سروے پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ ملک میں غربت کی مجموعی شرح بڑھ کر 28.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ سروے کے مطابق شہری علاقوں میں غربت کی شرح 11 فیصد سے بڑھ کر 17.4 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 28.2 فیصد سے بڑھ کر 36.2 فیصد ہو گئی ہے۔

صوبائی اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان 47 فیصد شرحِ غربت کے ساتھ ملک کا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ قرار پایا، جبکہ خیبر پختونخوا 35.3 فیصد، سندھ 32.6 فیصد اور پنجاب 23.3 فیصد شرحِ غربت کے ساتھ بالترتیب اگلے نمبروں پر رہے۔

اقتصادی سروے میں بتایا گیا ہے کہ ملک کی مجموعی شرحِ خواندگی 63 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو تعلیمی شعبے میں بتدریج پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران 8 لاکھ پاکستانیوں نے روزگار کے لیے بیرونِ ملک جانے کو ترجیح دی۔ ان میں سے 5 لاکھ 30 ہزار افراد سعودی عرب گئے، جبکہ قطر جانے والوں کی تعداد 68 ہزار رہی۔ متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور عمان جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں نسبتاً کمی دیکھی گئی۔

دوسری جانب توانائی اور معدنیات کے شعبے میں ملا جلا رجحان سامنے آیا۔ قدرتی گیس اور خام تیل کی پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم کوئلے کی پیداوار میں 6.5 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح لوہے کے خام مال کی پیداوار میں 41 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جسے ماہرین ایک مثبت معاشی اشارہ قرار دے رہے ہیں۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق غربت میں اضافے اور بیرونِ ملک افرادی قوت کی بڑھتی منتقلی نے ملکی معیشت اور روزگار کی صورتحال سے متعلق اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے مؤثر پالیسی اقدامات ناگزیر ہیں۔