حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آبنائے ہرمز میں کشیدگی، امریکا ایران جھڑپوں اور دھماکوں کی اطلاعات Home / بین الاقوامی /

آبنائے ہرمز میں کشیدگی، امریکا ایران جھڑپوں اور دھماکوں کی اطلاعات

ایڈیٹر - 11/06/2026
آبنائے ہرمز میں کشیدگی، امریکا ایران جھڑپوں اور دھماکوں کی اطلاعات

امریکا کی جانب سے ایران پر تازہ فضائی کارروائیوں کے بعد آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف خطے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی ہے، جہاں امریکی افواج اور ایرانی پاسداران انقلاب کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق صوبہ فارس، مغربی تہران، بندر عباس، مینا ب، سیرک، قشم، ہینگام اور جزیرہ کیش سمیت مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ بندرگاہ گرگان میں بھی دھماکے رپورٹ ہوئے ہیں۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں متعدد اہداف کو دفاعی حکمتِ عملی کے تحت نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں فضائی دفاعی نظام اور ریڈار تنصیبات شامل ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں ایران کی مسلسل جارحیت کے جواب میں کی جا رہی ہیں۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی ایران میں اہم دفاعی تنصیبات پر بھی حملوں کی اطلاعات ہیں، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

ادھر ایرانی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب صورتحال مزید بگڑ گئی ہے، جہاں ایرانی افواج نے امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ میزائل اور ڈرون حملوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی دفاعی حکام نے ایران پر بڑے پیمانے پر کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا اور یہ حملے امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے کیے جائیں گے۔

خطے میں جاری اس کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے اور اہم بحری راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔