حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
افغان شہریوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے کا اسکینڈل، تحقیقات میں بڑے انکشافات Home / پاکستان /

افغان شہریوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے کا اسکینڈل، تحقیقات میں بڑے انکشافات

ایڈیٹر - 11/06/2026
افغان شہریوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے کا اسکینڈل، تحقیقات میں بڑے انکشافات

افغان شہریوں کو مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے کے معاملے میں تحقیقات کے دوران اہم حقائق سامنے آئے ہیں۔ حکام کے مطابق ایک منظم گروہ جعلی شناختی ریکارڈ اور دستاویزات کے ذریعے غیر ملکی افراد کو پاکستانی شہری ظاہر کر کے سفری دستاویزات حاصل کرنے میں مدد فراہم کر رہا تھا۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کراچی کے عوامی مرکز پاسپورٹ دفتر سے مجموعی طور پر 72 افغان شہریوں کے پاسپورٹ جاری کیے گئے۔ ان میں سے 53 درخواستیں فاروق سیال جبکہ 19 درخواستیں محمد باقر رضا کی نگرانی میں پراسیس کی گئیں۔

ابتدائی جانچ کے مطابق متعدد پاسپورٹ مشتبہ اور متنازع دستاویزات کی بنیاد پر جاری ہوئے۔ کئی درخواستوں میں خاندانی ریکارڈ، شناختی معلومات اور دیگر سرکاری دستاویزات میں تضادات اور ردوبدل کے شواہد ملے ہیں، جبکہ بعض کیسز میں تصاویر میں تبدیلی کے آثار بھی سامنے آئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مختلف درخواستوں میں ایک ہی رابطہ نمبر بار بار استعمال ہونے کا انکشاف بھی ہوا، جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایک منظم نیٹ ورک پس پردہ سرگرم تھا۔ تحقیقات میں یہ امکان بھی زیر غور ہے کہ بعض سہولت کاروں اور متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے یہ کارروائیاں انجام دی گئیں۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے تمام متعلقہ ریکارڈ اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے، جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔