حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اسٹوڈنٹ ویزے پر برطانیہ جانے والے 10 ہزار پاکستانیوں نے سیاسی پناہ مانگ لی۔ڈی جی ایف آئی اے کا انکشاف Home / بین الاقوامی,پاکستان /

اسٹوڈنٹ ویزے پر برطانیہ جانے والے 10 ہزار پاکستانیوں نے سیاسی پناہ مانگ لی۔ڈی جی ایف آئی اے کا انکشاف

ایڈیٹر - 10/06/2026
اسٹوڈنٹ ویزے پر برطانیہ جانے والے 10 ہزار پاکستانیوں نے سیاسی پناہ مانگ لی۔ڈی جی ایف آئی اے کا انکشاف

اسلام آباد: قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اہم اجلاس، برطانیہ میں 10 ہزار پاکستانی طلبہ کی سیاسی پناہ کی درخواستوں کا انکشاف

اسلام آباد : قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے ایک اہم ترین اجلاس میں یہ سنسنی خیز اور چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے کہ اسٹوڈنٹ ویزا پر برطانیہ جانے والے تقریباً 10 ہزار پاکستانی شہریوں نے وہاں پہنچ کر سیاسی پناہ (Political Asylum) کی درخواستیں دائر کر دی ہیں۔ قائمہ کمیٹی کا یہ اہم اجلاس رکنِ قومی اسمبلی راجہ خرم نواز کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں غیر قانونی امیگریشن، پاسپورٹ پالیسی اور فوجداری قوانین میں مجوزہ اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک جانے والے افراد پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، اور یورپی یونین سمیت متعدد ممالک نے اس سنگین معاملے پر پاکستان کے ساتھ باضابطہ تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ 580 پاکستانی بیلاروس گئے لیکن واپس نہیں آئے، جبکہ رواں سال 7 ہزار پاکستانی آذربائیجان کے وزٹ ویزے پر گئے اور وہاں سے لاپتہ ہو گئے۔

بریفنگ میں انسانی اسمگلنگ کے نئے اور تشویشناک نیٹ ورکس کا پردہ فاش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ملائیشیا اور ازبکستان کے ذریعے انسانی اسمگلنگ کے نئے روٹس سامنے آئے ہیں۔ حکام کے مطابق سال 2025 کے دوران دستاویزات کے بغیر بیرونِ ملک جانے کی کوشش کرنے والے 39 ہزار 786 افراد کو آف لوڈ کیا گیا، جبکہ اسٹاپ لسٹ اور انٹرپول الرٹس کی بنیاد پر 3 ہزار سے زائد افراد کو سفر کرنے سے روکا گیا۔ مزید برآں، لیبیا سے 175 گرفتار پاکستانیوں کو بھی ڈی پورٹ کر کے وطن واپس لایا گیا ہے۔ قائمہ کمیٹی نے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امیگریشن قوانین کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔