حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خلیجی ممالک کسی بھی جارحیت کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دیں: ایران کا انتباہ Home / بین الاقوامی /

خلیجی ممالک کسی بھی جارحیت کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دیں: ایران کا انتباہ

ایڈیٹر - 10/06/2026
خلیجی ممالک کسی بھی جارحیت کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دیں: ایران کا انتباہ

تہران: ایران کی وزارتِ خارجہ نے خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں خلیجی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو کسی بھی بیرونی طاقت کے ایران کے خلاف استعمال ہونے سے روکیں۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کو اپنے دفاع کا مکمل اور فطری حق حاصل ہے اور وہ اس حق کے استعمال میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ اگر ایران پر حملے جاری رہے تو ان کے مبینہ ذرائع، استعمال ہونے والے اڈوں اور لاجسٹک مراکز کو بھی ہدف بنایا جا سکتا ہے۔

ترجمان نے خلیجی ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے یہ ایک قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی سرزمین یا تنصیبات کو کسی بھی ایسی سرگرمی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں جو ایران کے خلاف فوجی کارروائی یا اس کی منصوبہ بندی سے منسلک ہو۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق کسی بھی ملک کی جانب سے بالواسطہ یا بلاواسطہ معاونت خطے میں کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے، لہٰذا تمام فریقین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے کے اقدامات کرنے چاہییں۔

تہران نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کا راستہ صرف سفارت کاری اور باہمی احترام سے ہی ممکن ہے، جبکہ طاقت کے استعمال سے صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔