حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایرانی اثاثوں کی ابو ظبی منتقلی کا دعویٰ، تہران نے اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ مسترد کر دی Home / بین الاقوامی /

ایرانی اثاثوں کی ابو ظبی منتقلی کا دعویٰ، تہران نے اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ مسترد کر دی

ایڈیٹر - 10/06/2026
ایرانی اثاثوں کی ابو ظبی منتقلی کا  دعویٰ، تہران نے اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ مسترد کر دی

تہران: اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں سامنے آنے والی ان رپورٹس کو ایران نے سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اربوں ڈالر مالیت کے ایرانی منجمد اثاثے ابوظبی سے تہران منتقل کر دیے گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس حوالے سے جاری ہونے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے مالی اثاثوں کی کسی دوسرے ملک سے منتقلی سے متعلق دعووں میں کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض ذرائع کی جانب سے منجمد اثاثوں کو خطے کے مختلف ممالک میں منتقل کیے جانے کی خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں اور ان کا مقصد گمراہ کن تاثر پیدا کرنا ہے۔

اسماعیل بقائی کے مطابق ایسی اطلاعات ایک منظم میڈیا مہم کا حصہ دکھائی دیتی ہیں، جس کے ذریعے ایران سے متعلق غیر مصدقہ اور قیاس آرائی پر مبنی بیانیہ تشکیل دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ نے زور دیا کہ مالی اثاثوں سے متعلق خبروں کے حوالے سے صرف سرکاری اور مستند ذرائع پر انحصار کیا جانا چاہیے، جبکہ غیر تصدیق شدہ رپورٹس کو حقائق کے طور پر پیش کرنے سے گریز کیا جائے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بعض اسرائیلی میڈیا اداروں نے دعویٰ کیا تھا کہ تقریباً 3 ارب ڈالر مالیت کے ایرانی اثاثے ابوظبی سے تہران منتقل کیے گئے ہیں، تاہم ایران نے ان تمام دعووں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔