اسلام آباد: پاسپورٹ دفاتر کے چکروں سے نجات، شہریوں کے لیے "ڈور اسٹیپ پاسپورٹ ڈیلیوری سروس" شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): وفاقی حکومت نے عوام الناس کو پاسپورٹ کے حصول میں درپیش مشکلات کے خاتمے اور دفاتر کے چکروں سے نجات دلانے کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے "ڈور اسٹیپ پاسپورٹ ڈیلیوری سروس" متعارف کرانے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔ یہ اہم فیصلہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں محکمہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی نئی ڈیجیٹل ایپلی کیشن (ایپ) کی کارکردگی اور پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پاسپورٹ نے واضح کیا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے اس عمل کا بنیادی مقصد شہریوں کو جدید اور تیز ترین خدمات فراہم کرنا ہے۔ اس نئی سروس کے تحت اب پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کو اپنی دستاویزات کے حصول کے لیے دوبارہ دفاتر کا رخ نہیں کرنا پڑے گا بلکہ ان کا پاسپورٹ براہِ راست ان کے فراہم کردہ پتے پر پہنچایا جائے گا۔ اجلاس میں ہوم ڈیلیوری کے عمل کو محفوظ اور شفاف بنانے کے لیے نئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے، جن پر بہت جلد عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔