گلگت بلتستان کے عوام نے حق اور سچ کا ساتھ دیا، تحریک انصاف 20 نشستیں جیت چکی ہے: اسد قیصر
صوابی (اسٹاف رپورٹر): پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور سیکرٹری جنرل تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان اسد قیصر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے حالیہ عام انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کے ساتھ پاکستان میں 8 فروری کے عام انتخابات جیسا دھاندلی کا معاملہ دہرایا گیا ہے۔ اپنے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لینے پر گلگت بلتستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے غیور عوام نے عمران خان کا ساتھ دے کر یہ واضح پیغام دیا ہے کہ عمران خان آج بھی ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔
اسد قیصر نے اپنی رپورٹ اور اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان میں تقریباً 20 نشستیں جیت چکی ہے، تاہم پی ٹی آئی کا حقیقی مینڈیٹ چھین کر عوام کو ان کے بنیادی حقِ رائے دہی سے محروم کیا گیا ہے۔ انہوں نے تمام تر مشکلات، جبر اور ظلم کے باوجود حق پر ڈٹ جانے پر گلگت بلتستان کے عوام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ سابق اسپیکر کا مزید کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی روش زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی اور موجودہ نظام جس انداز میں چلایا جا رہا ہے وہ اب ناقابلِ قبول ہو چکا ہے کیونکہ عوامی غصہ اپنی انتہا کو پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ تحریک انصاف گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ان کا مقدمہ ہم قومی اسمبلی میں بھی بھرپور طریقے سے لڑیں گے۔