حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
گلگت بلتستان میں حکومت کس کی؟ اسحاق ڈار اور بلاول بھٹو کے درمیان اہم اتفاق Home / سیاست /

گلگت بلتستان میں حکومت کس کی؟ اسحاق ڈار اور بلاول بھٹو کے درمیان اہم اتفاق

ایڈیٹر - 10/06/2026
گلگت بلتستان میں حکومت کس کی؟ اسحاق ڈار اور بلاول بھٹو کے درمیان اہم اتفاق

اسلام آباد: گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد حکومت سازی کے معاملے پر سیاسی رابطوں میں تیزی آ گئی ہے۔ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں حکومت بنانے کا حق سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت کو ملنا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے بلاول بھٹو زرداری کو گلگت بلتستان انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی نمایاں کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی سیاسی صورتحال اور آئندہ حکومتی سیٹ اپ پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

رابطے کے دوران اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ گلگت بلتستان میں عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے سب سے بڑی سیاسی جماعت کو حکومت سازی کا موقع دیا جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ دونوں جماعتوں کی قیادت نے گلگت بلتستان سے متعلق دیگر اہم امور پر مشاورت جاری رکھنے اور مشترکہ بیٹھک منعقد کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی گلگت بلتستان انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی پر صدر آصف علی زرداری کو مبارک باد دی۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر شہباز شریف نے خوشگوار انداز میں کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی مہم میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی، جس پر صدر زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ بیٹے کی کامیابی پر انہیں فخر ہے۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں میں حکومت بنانے کے لیے کم از کم 13 ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، جبکہ آزاد امیدواروں نے 7 نشستیں حاصل کی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) 6 نشستوں کے ساتھ دوسرے بڑے سیاسی دھڑوں میں شامل ہے۔