پشاور : خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود، ان کے تحفظ اور انہیں سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ حکومت صحافی برادری کو درپیش مسائل اور مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ میں لوئر مہمند پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ضلع مہمند سے رکن صوبائی اسمبلی محبوب شیر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے نو منتخب صدر گل حسین مہمند، سینئر نائب صدر شمس مہمند اور دیگر کابینہ اراکین سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شفیع جان نے پریس کلب کی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت پریس کلبز اور صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ ہے اور اس سلسلے میں پریس کلبز کے نمائندہ وفود سے مسلسل ملاقاتیں کی جا رہی ہیں تاکہ صحافی برادری کے مسائل بروقت حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کر رہی ہے، صحافیوں کے لیے بلا سود قرضہ اسکیم متعارف کرانے اور پریس کلبز کو گرانٹس کا اجراء بھی جلد کیا جائے گا جس سے پریس کلبز کی ضروریات پوری کی جا سکیں گی۔ صوبائی وزیر نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب صحافتی کابینہ صحافتی اقدار کے فروغ، عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور علاقے کے مثبت تشخص کو نمایاں کرنے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا، بالخصوص قبائلی اضلاع کے صحافی محدود وسائل اور مختلف مشکلات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہے ہیں، جو قابلِ تحسین ہے۔ بعد ازاں صدر پریس کلب نے صوبائی وزیر کو پریس کلب عمارت کی تعمیر اور سولر سسٹم کی تنصیب سے متعلق درخواست پیش کی، جس پر صوبائی وزیر نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔