وفاقی بجٹ میں تاخیر کے باعث خیبر پختونخوا کا صوبائی بجٹ بھی مؤخر، 20 سے 25 جون کے درمیان پیش ہوگا: تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا امکان
پشاور : خیبر پختونخوا کا نئے مالی سال کا صوبائی بجٹ ممکنہ طور پر مزید تاخیر سے پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق، وفاقی اور پنجاب بجٹ کے باقاعدہ اعلان کے بعد ہی صوبائی بجٹ اسمبلی کے سامنے رکھا جائے گا۔ اس سے قبل صوبائی اسمبلی کا بجٹ 15 جون کو پیش کرنا طے پایا تھا، تاہم وفاقی بجٹ کی تیاریوں اور اس میں تاخیر کے باعث اب صوبائی بجٹ کی تاریخ کو بھی آگے بڑھانا پڑا ہے۔ نئے شیڈول کے تحت بجٹ کو 20 سے 25 جون کے درمیان ممکنہ طور پر پیش کیا جائے گا، جس کے لیے صوبائی بجٹ کی دستاویزات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ کے اعلان کے بعد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، الاؤنسز اور دیگر مراعات میں اضافہ کرے گی۔ دوسری جانب، بعض حلقوں اور ڈیجیٹل میڈیا کے پلیٹ فارمز پر تنخواہوں میں اضافے کو ناممکن قرار دینے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں، جنہیں حکومتی حلقوں نے مسترد کر دیا ہے۔ بجٹ تجاویز کے مطابق، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے علاوہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور پولیس فورس کی تنخواہوں و مراعات میں بھی خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے تاکہ مہنگائی کے تناسب سے ریلیف فراہم کیا جا سکے۔