حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
جنوبی لبنان میں جھڑپیں شدت اختیار کر گئیں، حزب اللہ کے اسرائیلی فوجی اہداف پر حملے Home / بین الاقوامی /

جنوبی لبنان میں جھڑپیں شدت اختیار کر گئیں، حزب اللہ کے اسرائیلی فوجی اہداف پر حملے

ایڈیٹر - 09/06/2026
جنوبی لبنان میں جھڑپیں شدت اختیار کر گئیں، حزب اللہ کے اسرائیلی فوجی اہداف پر حملے

بیروت: لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ  نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے متعدد حملے کیے ہیں، جن میں فوجی گاڑیاں، بلڈوزرز اور ایک ڈرون شامل ہیں۔

تنظیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یحمر الشقیف کے جنوب مشرقی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے زیر استعمال ایک بلڈوزر پر توپ خانے سے حملہ کیا گیا، جبکہ اسی مقام پر موجود ایک اور فوجی بلڈوزر کو گائیڈڈ میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔

حزب اللہ کا کہنا ہے کہ یحمر الشقیف اور عیناتا کے اطراف اسرائیلی فوجیوں اور عسکری گاڑیوں پر بھی راکٹوں اور گولہ باری کے ذریعے حملے کیے گئے، جس کے نتیجے میں اسرائیلی فورسز کو نقصان پہنچا۔

بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ التفاح کے علاقے میں اسرائیلی فوج کے زیر استعمال  ہرمس 450 زک،  ڈرون کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد ڈرون نے علاقے سے پسپائی اختیار کر لی۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی لبنان میں فضائی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق ضلع صیدا میں ہونے والے ایک اسرائیلی فضائی حملے میں دو افراد جاں بحق جبکہ 10 دیگر زخمی ہوگئے۔

ادھر شہر صور میں ریڈ کراس کے ایک مرکز کے قریب ہونے والے اسرائیلی حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر پانچ ہو گئی ہے۔ اس حملے میں چار طبی کارکنوں سمیت آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

خطے میں جاری کشیدگی کے باعث لبنان اور اسرائیل کی سرحدی پٹی ایک بار پھر شدید تناؤ کا شکار ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر صورتحال مزید بگڑنے کے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔