حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستان پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن چکی، جی بی میں حکومت بنائیں گے"؛ بلاول بھٹو Home / سیاست /

پاکستان پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن چکی، جی بی میں حکومت بنائیں گے"؛ بلاول بھٹو

ایڈیٹر - 08/06/2026
پاکستان پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن چکی، جی بی میں حکومت بنائیں گے

گلگت/اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پارٹی کی واضح اور شاندار کامیابی پر ملک بھر اور بالخصوص خطے کے جیالوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک خصوصی تہنیتی بیان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اب تک کے نتائج کے مطابق خطے کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن کر ابھری ہے اور وہ گلگت بلتستان میں اگلی حکومت بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کریں گے۔

حسبان میڈیا کے مطابق، پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے انتخابی نتائج پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے گلگت بلتستان میں فتح کا سہرا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کی متحرک انتخابی مہم کے سر باندھتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے باشعور عوام نے نفرت کی سیاست کو مسترد کر کے پاکستان پیپلز پارٹی کے ترقی، جمہوریت اور عوامی خدمت کے مخلصانہ ایجنڈے پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب، پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے انتخابی نتائج کی سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام حلقوں کے باقاعدہ اور حتمی نتائج کا اعلان بغیر کسی تاخیر کے فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق، 24 میں سے 18 نشستوں کے نتائج سامنے آنے اور پیپلز پارٹی کی 9 نشستوں پر واضح برتری کے بعد اب خطے میں حکومت سازی کے لیے سیاسی جوڑ توڑ اور آزاد امیدواروں سے رابطوں کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے۔