حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران پر جوابی حملے میں امریکا شامل نہیں ہوگا، ٹرمپ نے نیتن یاہو کو خبردار کر دیا Home / بین الاقوامی /

ایران پر جوابی حملے میں امریکا شامل نہیں ہوگا، ٹرمپ نے نیتن یاہو کو خبردار کر دیا

ایڈیٹر - 08/06/2026
 ایران پر جوابی حملے میں امریکا شامل نہیں ہوگا، ٹرمپ نے نیتن یاہو کو خبردار کر دیا

واشنگٹن / تل ابیب: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نتین یاہو کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ جوابی کارروائی میں امریکا براہِ راست شریک نہیں ہوگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور ممکنہ ردعمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے ایران کے خلاف جوابی کارروائی کے ارادے سے امریکی صدر کو آگاہ کیا، تاہم صدر ٹرمپ نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اگر اسرائیل نے ایران پر حملے کا فیصلہ کیا تو امریکا اس فوجی کارروائی کا حصہ نہیں بنے گا۔

اس سے قبل ایران نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے حملوں کے ردعمل میں اسرائیل کی جانب متعدد میزائل داغے تھے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے زیادہ تر میزائلوں کو راستے میں ہی ناکام بنا دیا۔

دوسری جانب ایک برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے باوجود امریکا ایران کے ساتھ مذاکرات مکمل کرنے کا خواہاں ہے اور حالیہ کشیدگی نے واشنگٹن کی سفارتی کوششوں کو متاثر نہیں کیا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بالآخر اسرائیلی قیادت کو ایران کے ساتھ کسی نہ کسی شکل میں معاہدے پر آمادہ ہونا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سفارتی راستہ ہی خطے میں استحکام کا باعث بنے گا۔

ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ اگر مذاکرات ناکام ہو جاتے ہیں تو امریکا مختلف آپشنز پر غور کرے گا، جن میں خصوصی نوعیت کی فوجی کارروائیاں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی برادری کی نظریں اب امریکا، ایران اور اسرائیل کے درمیان آئندہ سفارتی اور عسکری پیش رفت پر مرکوز ہیں، جبکہ ماہرین کسی بھی نئے تصادم کو مشرقِ وسطیٰ کے لیے خطرناک قرار دے رہے ہیں۔