حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
این او سی اور سرکاری پاسپورٹ کے بغیر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام، متعدد سرکاری ملازمین ایئرپورٹس پر روک لیے گئے Home / پاکستان /

این او سی اور سرکاری پاسپورٹ کے بغیر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام، متعدد سرکاری ملازمین ایئرپورٹس پر روک لیے گئے

ایڈیٹر - 08/06/2026
این او سی اور سرکاری پاسپورٹ کے بغیر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام، متعدد سرکاری ملازمین ایئرپورٹس پر روک لیے گئے

پشاور: سرکاری ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بیرون ملک سفر کی کوشش کرنے والے متعدد سرکاری ملازمین کو ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر روک دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ حکام نے ایسے ملازمین کو سفر کی اجازت دینے سے انکار کر دیا جن کے پاس محکمانہ این او سی موجود نہیں تھا یا جو سرکاری پاسپورٹ کے بجائے عام پاسپورٹ پر بیرون ملک روانگی کی کوشش کر رہے تھے۔

ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور سمیت مختلف بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر مختلف سرکاری محکموں سے تعلق رکھنے والے متعدد افسران اور ملازمین کی سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ بعض ملازمین مطلوبہ این او سی پیش نہ کر سکے جبکہ کچھ افراد سرکاری قواعد کے برعکس نجی پاسپورٹ استعمال کرتے ہوئے بیرون ملک جانے کے خواہاں تھے۔

ذرائع کے مطابق چند ملازمین کے نام مختلف نگرانی اور جانچ پڑتال کی فہرستوں میں بھی شامل تھے، جس کے باعث انہیں امیگریشن کلیئرنس نہیں دی گئی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کے لیے بیرون ملک سفر کے دوران متعلقہ محکمے کی پیشگی اجازت اور مقررہ دستاویزات کا ہونا لازمی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اس حوالے سے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں اور بغیر این او سی بیرون ملک سفر کرنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔