گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی انتخابات: پیپلز پارٹی 9 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے، آزاد امیدواروں کی بھی بڑی کامیابی
گلگت : گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل پرامن طور پر مکمل ہونے کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اب تک سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) واضح برتری حاصل کرتے ہوئے سب سے بڑی سیاسی قوت بن کر ابھری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز گلگت بلتستان کے مختلف حلقوں میں ووٹرز کا غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ صبح سویرے ہی پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کی طویل قطاریں لگ گئیں، جہاں شہریوں نے سخت سردی کے باوجود اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔ پولنگ کا عمل کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کے بغیر شام 5 بجے تک بلاوقفہ جاری رہا جس کے فوراً بعد ووٹوں کی گنتی شروع کر دی گئی۔
حسبان میڈیا کو موصول ہونے والے 24 میں سے 18 نشستوں کے مکمل غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق، پاکستان پیپلز پارٹی نے اب تک 9 نشستوں پر شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسرے نمبر پر آزاد امیدوار رہے ہیں جنہوں نے 5 نشستیں اپنے نام کیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) 3 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی جبکہ مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے 1 نشست حاصل کی ہے۔
انتخابی حلقوں کی تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے حلقہ جی بی اے 1، 4، 5، 7، 9، 10، 11، 12 اور 19 پر میدان مارا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) جی بی اے 18، 20 اور 22 سے سرخرو ہوئی، جبکہ مجلس وحدت مسلمین نے جی بی اے 8 پر کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب آزاد امیدواروں نے جی بی اے 3، 6، 21، 23 اور 24 میں سیاسی جماعتوں کو پچھاڑ کر اپنی جیت کا لوہا منوایا۔ بقیہ نشستوں پر گنتی کا عمل جاری ہے اور حتمی نتائج کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔