خیبر پختونخوا بجٹ: ٹورازم پولیس کے 4500 اہلکاروں کی مستقلی کا امکان، سیاحت کے لیے 10 سے زائد اہم سفارشات منظور
پشاور (نیوز رپورٹر، حسبان میڈیا): خیبر پختونخوا حکومت نے آئندہ نئے مالی سال کے صوبائی بجٹ میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے اور ملازمین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بڑے اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بجٹ تجاویز کے مطابق صوبے میں سیاحوں کی سیکیورٹی اور رہنمائی پر مامور ٹورازم پولیس کے 4500 اہلکاروں کو مستقل کرنے کے حوالے سے اقدامات انتہائی متوقع ہیں، جس سے ملازمین میں پھیلی بے یقینی کا خاتمہ ہو سکے گا۔
تفصیلات کے مطابق نئے مالی سال کے صوبائی بجٹ میں ٹورازم کے شعبے کے لیے مختلف اہم تجاویز کو حتمی شکل دے کر بجٹ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ اتوار کے روز بھی صوبائی بجٹ کی تیاری اور مختلف محکموں کی جانب سے آنے والی تجاویز کو فائنل کرنے کا سلسلہ بلاتعطل جاری رہا، جبکہ بجٹ ونگ کے سرکاری ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ رہیں۔ بجٹ میں سیاحت کے حوالے سے 10 سے زائد اہم سفارشات کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے، جس میں ٹیکسز کے نظام میں اصلاحات اور دیگر اہم امور بھی شامل ہیں۔
حسبان میڈیا کو دستیاب معلومات کے مطابق خیبر پختونخوا کا نیا مالیاتی بجٹ آئندہ ہفتے وفاقی بجٹ کے پیش کیے جانے کے بعد ممکنہ طور پر صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ اگرچہ بورڈ اجلاس نہ ہونے کے باعث سیاحت سے متعلق بعض دیگر اہم امور کے ڈراپ ہونے کے امکانات موجود ہیں، تاہم بجٹ میں ٹورازم پولیس کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے نئی کی منظوری بھی متوقع ہے، جو صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔