پشاور : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبے میں شفافیت کو فروغ دینے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے ایک انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل میں 'اینٹی کرپشن ڈیسک' کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اب صوبے کا کوئی بھی شہری کرپشن، انتظامی بے ضابطگیوں اور اقربا پروری سے متعلق اپنی شکایات براہِ راست وزیراعلیٰ تک پہنچا سکتا ہے، جس کے لیے ایک خصوصی فون نمبر 9222451-091 بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں قائم کمپلینٹ سیل کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے ہیلپ لائن پر آنے والی عوامی کالز کا خود جائزہ لیا اور شہریوں سے براہِ راست رابطہ کر کے ان کی شکایات سنیں اور فیڈ بیک حاصل کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ "ہم نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا، آج اس کے عملی ثبوت پیش کر رہے ہیں۔ کسی بھی محکمے میں انتظامی پامالی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر شہری کی شکایت پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔" انہوں نے واضح کیا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق 'سی ایم کمپلینٹ سیل' کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جس کے تحت اب شہری واٹس ایپ، ای میل، فیس بک اور ایکس (ٹوئٹر) کے ذریعے بھی اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔ مزید برآں، زو منگ کور اور پناہ گاہوں میں مقیم افراد کے لیے بھی خصوصی ڈیسک بنائے گئے ہیں تاکہ معاشرے کا پسماندہ طبقہ بھی بلا جھجھک اپنی آواز اقتدار کے ایوانوں تک پہنچا سکے۔