وفاقی حکومت نے آئندہ مالیاتی سال 2026-27ء کے وفاقی بجٹ کی تیاریاں تیز کر دی ہیں، جس کے تحت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد تک کا عبوری اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزیراعظم ہاؤس میں ایک اہم اور غیر رسمی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی بجٹ کے اہم خدوخال بشمول پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP)، نئے ٹیکسز کی شرح، اور تنخواہوں و پنشن میں اضافے جیسے کلیدی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرِ خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو بجٹ کے مالیاتی گوشواروں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ ملک میں موجودہ افراطِ زر (مہنگائی) کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد تک اضافے کی گنجائش موجود ہے۔ تاہم، وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ ملکی معیشت کے متوقع وسائل اور ریونیو کی روشنی میں مزید ورکنگ کی جائے تاکہ مہنگائی کے ستائے ملازمین کو ممکنہ حد تک زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم اپنے اتحادی جماعتوں کے قائدین سے تفصیلی مشاورت کے بعد کریں گے۔