اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پارلیمنٹ لاجز کی توسیع اور اراکینِ پارلیمنٹ کے اہلِ خانہ کے لیے اضافی رہائشی گاہوں کی تعمیر کے لیے ساڑھے سات ارب روپے کے قریب خطیر رقم مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ "حسبان میڈیا" کو موصول ہونے والی سرکاری دستاویزات کے مطابق، اس ترقیاتی منصوبے کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے اہم سیکٹر جی فائیو (G-5) میں رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 7 ارب 40 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، جس کی منظوری کے لیے وفاقی بجٹ میں باقاعدہ تجویز شامل کر دی گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق، اس منصوبے کے تحت اراکینِ پارلیمنٹ کے لیے پہلے سے زیرِ تعمیر 104 فیملی سوئیٹس کے علاوہ مزید اضافی فیملی سوئیٹس تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ ان رہائش گاہوں کے قریب ہی 500 کے قریب سرونٹ کوارٹرز بھی اس توسیعی منصوبے کا حصہ بنائے گئے ہیں۔ سرکاری حکام کا مؤقف ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد عوامی نمائندوں کی رہائشی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنا اور پارلیمنٹ لاجز کی موجودہ گنجائش میں خاطر خواہ اضافہ کرنا ہے۔ سرکاری دستاویزات میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ 30 جون 2026 تک اس منصوبے پر 2 ارب 29 کروڑ روپے کے اخراجات متوقع ہیں، جس کے بعد تعمیراتی کام کو مزید تیز کیا جائے گا۔