حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبر پختونخوا حکومت کا بڑا فیصلہ؛سرکاری ملازمین کے بیرونِ ملک جانے پر پابندی عائد۔ Home / پاکستان /

خیبر پختونخوا حکومت کا بڑا فیصلہ؛سرکاری ملازمین کے بیرونِ ملک جانے پر پابندی عائد۔

ایڈیٹر - 04/06/2026
خیبر پختونخوا حکومت کا بڑا فیصلہ؛سرکاری ملازمین کے بیرونِ ملک جانے پر پابندی عائد۔

پشاور: صوبائی حکومت نے مختلف اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی سفارشات کی روشنی میں سنگین الزامات کا سامنا کرنے والے سرکاری ملازمین کے بیرونِ ملک سفر کرنے پر مکمل پابندی عائد کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ "حسبان میڈیا" کے مطابق، اس فیصلے کا مقصد احتسابی عمل کو شفاف بنانا اور زیرِ تحقیقات ملازمین کے فرار کو روکنا ہے۔ صوبائی انتظامیہ نے ان ملازمین کے نام مختلف مانیٹرنگ اور سفری پابندیوں کی فہرستوں میں شامل کرنے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت ان کے ناموں کی مکمل تفصیلات، متعلقہ سرکاری محکمے اور گریڈز کا ڈیٹا وزارتِ داخلہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھجوانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق، صوبے کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے بھی ایسے ملازمین کی ہوم ڈیپارٹمنٹ اور چیف سیکرٹری کو تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں جن کے خلاف محکمانہ یا قانونی تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان تمام ملازمین کے خلاف مختلف نوعیت کے الزامات کے تحت انکوائریاں کی جا رہی ہیں۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ ان انکوائریوں اور تحقیقات کے مکمل ہونے کے فوری بعد ملوث پائے جانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت تادیبی اور فوجداری کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس عمل میں کسی بھی سطح پر نرمی نہیں برتی جائے گی۔