حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اٹلی سانحہ: امینڈولارا میں زندہ جلائے جانے والے چار زرعی مزدوروں کی شناخت ہوگئی۔ Home / بین الاقوامی /

اٹلی سانحہ: امینڈولارا میں زندہ جلائے جانے والے چار زرعی مزدوروں کی شناخت ہوگئی۔

ایڈیٹر - 04/06/2026
اٹلی سانحہ: امینڈولارا میں زندہ جلائے جانے والے چار زرعی مزدوروں کی شناخت ہوگئی۔

جنوبی اٹلی کے صوبہ کوزینزا کے علاقے امینڈولارا (کلابریا) میں گزشتہ پیر کو پیش آنے والے لرزہ خیز سانحے میں جاں بحق ہونے والے چاروں زرعی مزدوروں کی باقاعدہ شناخت کر لی گئی ہے۔ اطالوی حکام کے مطابق مقتولین میں ایک پاکستانی اور تین افغان تارکین وطن شامل ہیں۔ دوسری جانب اطالوی پولیس نے سی سی ٹی وی (CCTV) فوٹیج کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے قتل کے شبہے میں دو 31 سالہ پاکستانی شہریوں کو حراست میں لے لیا ہے، جن پر اجتماعی اور سنگین قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اطالوی پولیس اور طبی ذرائع کے مطابق مقتولین کی شناخت درج ذیل ناموں سے ہوئی ہے:

  1. وسیم خان (عمر 29 سال، شہریت: پاکستان)
  2. امین فضل خوگجانی (عمر 28 سال، شہریت: افغانستان)
  3. اسمت قیومی (عمر 19 سال، شہریت: افغانستان)
  4. صفی امجد (عمر 27 سال، شہریت: افغانستان)

واقعے کے ہولناک محرکات اور تحقیقات:
تحقیقاتی اداروں کے مطابق یہ تمام افراد کلابریا اور باسیلیکاتا کے وسیع زرعی علاقوں میں اسٹرابیری چننے کا کام کرتے تھے۔ واقعے کے روز یہ افراد ایک پٹرول پمپ پر کھڑی منی وین میں موجود تھے کہ سیکیورٹی کیمروں کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر باہر سے گاڑی کے دروازے بند کیے، اندر آتش گیر مادہ پھینکا اور وین کو آگ لگا کر فرار ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق اس حملے میں ایک 35 سالہ افغان شہری معجزانہ طور پر گاڑی کا پچھلا شیشہ توڑ کر جان بچانے میں کامیاب رہا۔ اس نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ ملزمان غیر قانونی لیبر مڈل مین (Caporali) تھے۔ مزدوروں کی جانب سے سفری اخراجات کی ادائیگی سے انکار اور کڑی محنت کی اجرت مانگنے پر انہیں اس وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس اس پہلو سے بھی تفتیش کر رہی ہے کہ آیا اس علاقے میں تارکین وطن کے گروہوں کے درمیان زرعی کام کی تقسیم اور رہائشی دستاویزات کا کوئی پرانا تنازع تو نہیں چل رہا تھا۔