گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے حلقہ جی بی اے 18 تانگیر میں انتخابی سرگرمی اس وقت افسوسناک حادثے میں تبدیل ہوگئی جب ایک سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ مسلم لیگ (ن) کی انتخابی ریلی کے دوران پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ کی جا رہی تھی۔ فائرنگ کے دوران گولیاں حاضرین کو لگنے سے متعدد افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایک شخص کے ہاتھ سے بندوق پھسل گئی، جس کے نتیجے میں گولیاں بے قابو ہو کر مجمع میں موجود افراد کو لگیں۔
دریں اثنا گلگت بلتستان کے ہوم سیکرٹری فیصل احسن پیرزادہ نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی اور متعلقہ ضلعی پولیس افسر کو فوری انکوائری کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی مہم کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی اقدامات مزید مؤثر اور سخت کیے جا رہے ہیں تاکہ آئندہ ایسے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔