اسلام آباد: ملک میں سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم اقدام کے تحت نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے خصوصی انٹرن شپ پروگرام متعارف کرا دیا ہے، جس کے لیے طلبہ اور حالیہ گریجویٹس سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق یہ تربیتی پروگرام پاکستان میں سائبر اسپیس کے تحفظ اور ماہر افرادی قوت کی تیاری کے وسیع منصوبے کا حصہ ہے۔ پروگرام کے دوران شرکاء کو چھ ہفتوں پر مشتمل عملی اور تکنیکی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ جدید سائبر خطرات سے نمٹنے کی مہارت حاصل کر سکیں۔
اعلامیے کے مطابق انٹرن شپ کے لیے درخواستیں آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں، جبکہ درخواست دینے کی آخری تاریخ 16 جون مقرر کی گئی ہے۔ پروگرام میں زیر تعلیم طلبہ کے ساتھ ساتھ حالیہ فارغ التحصیل نوجوان بھی شرکت کے اہل ہوں گے۔
تربیتی نصاب میں سائبر سیکیورٹی کے مختلف اہم شعبے شامل کیے گئے ہیں جن میں انسڈنٹ رسپانس، تھریٹ انٹیلی جنس اور وَلنریبلٹی مینجمنٹ نمایاں ہیں۔ اس کے علاوہ شرکاء کو گورننس، کمپلائنس، ڈیجیٹل فرانزکس، سافٹ ویئر ٹیسٹنگ اور مصنوعی ذہانت سے متعلق عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے مطابق منتخب امیدوار سائبر سیکیورٹی کے تجربہ کار ماہرین کے ساتھ کام کریں گے اور حقیقی نوعیت کے منصوبوں میں حصہ لے کر عملی مہارتوں میں اضافہ کر سکیں گے۔
پروگرام کے دوران شرکاء کو ماہرین کی نگرانی اور مینٹورشپ بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں کامیاب کیریئر کی بنیاد رکھ سکیں۔