اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 27-2026کے بجٹ میں جائیداد کی خرید و فروخت پر عائد ٹیکسوں میں نمایاں کمی کی تجاویز تیار کر لی ہیں، جس کا مقصد رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے میں سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت فائلرز کے لیے غیر منقولہ جائیداد کی خریداری پر ٹیکس کی شرح 1.5 فیصد سے کم کر کے 0.25 فیصد جبکہ جائیداد کی فروخت پر ٹیکس 4.5 فیصد سے گھٹا کر 1.5 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ مشاورت جاری ہے، تاہم آئی ایم ایف کی جانب سے ان ٹیکس کمی تجاویز پر تحفظات اور مخالفت سامنے آئی ہے۔
حکومتی مؤقف کے مطابق ٹیکسوں میں کمی سے پراپرٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاری بڑھے گی، کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور بالواسطہ طور پر مجموعی ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ممکن ہوگا۔ اس کے علاوہ اس اقدام سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی بھی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق مجوزہ تبدیلیاں رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہیں، تاہم اس کا انحصار پالیسی کے حتمی نفاذ اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی منظوری پر ہوگا۔