حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بجٹ پر ڈیڈ لاک برقرار، حکومت اور پیپلز پارٹی میں اتفاق نہ ہو سکا Home / پاکستان /

بجٹ پر ڈیڈ لاک برقرار، حکومت اور پیپلز پارٹی میں اتفاق نہ ہو سکا

ایڈیٹر - 03/06/2026
بجٹ پر ڈیڈ لاک برقرار، حکومت اور پیپلز پارٹی میں اتفاق نہ ہو سکا

اسلام آباد: آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان جاری مشاورت کا پہلا دور کسی حتمی پیش رفت کے بغیر ختم ہو گیا، جبکہ دونوں فریقوں نے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارتِ خزانہ میں حکومتی نمائندوں اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان ہونے والے اجلاس میں بجٹ سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، تاہم پیپلز پارٹی کے تحفظات دور نہ ہو سکے۔ پارٹی رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ بجٹ سازی کے عمل میں انہیں مناسب طور پر شامل نہیں کیا گیا اور اہم فیصلوں سے قبل اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران نہ تو کسی آئینی ترمیم پر گفتگو ہوئی اور نہ ہی قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے نظام میں کسی تبدیلی کا معاملہ زیرِ بحث آیا۔ ملاقات کا بنیادی مقصد بجٹ کے حوالے سے اتحادی جماعت کے تحفظات کا جائزہ لینا تھا۔

اطلاعات کے مطابق دونوں جانب سے معاملات پر مزید مشاورت کی ضرورت محسوس کی گئی ہے، جس کے لیے آج ایک اور اجلاس متوقع ہے۔

دریں اثنا، وفاقی بجٹ پیش کرنے کے لیے پہلے سے زیر غور تاریخ میں تبدیلی کے بعد نئی تاریخ کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔ پارلیمانی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت بجٹ پیش کرنے سے قبل بعض اہم قانون سازی مکمل کرنا چاہتی ہے۔

ادھر اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے بھی بعض سیاسی مطالبات سامنے آئے ہیں، جس کے باعث بجٹ سے قبل حکومتی مشاورت کا عمل مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق بجٹ سے قبل اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنا حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، کیونکہ پارلیمنٹ میں بجٹ کی منظوری کے لیے اتحادیوں کی حمایت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔