پشاور / اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے ملک بھر میں رہائشی بحران پر قابو پانے اور غریب و متوسط طبقے کو سستی چھت کی فراہمی کے لیے وزیراعظم "اپنا گھر پروگرام" کے تحت ملٹی چینل حکمتِ عملی پر تیزی سے کام شروع کر دیا ہے۔ وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم مراسلے کے مطابق، اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزارت کی جانب سے پیش کردہ کثیر الجہتی نفاذ کی حکمتِ عملی کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ اس اہم منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے وزارتِ ہاؤسنگ نے تمام متعلقہ فریقین بشمول چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن، اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) کو باقاعدہ خطوط ارسال کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، خط میں تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز سے کہا گیا ہے کہ وہ پیش کردہ حکمتِ عملی پر اپنی تفصیلی آراء، تجاویز یا متبادل پلان فوری طور پر فراہم کریں۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو سخت ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار کے تحت اس اسٹریٹجی کے تفصیلی قابلِ عمل پلان کو فوری طور پر حتمی شکل دے کر وزارت کو جمع کروائیں، تاکہ اسے حتمی منظوری کے لیے وزیراعظم اور ای سی سی کے سامنے پیش کیا جا سکے۔ اس انقلابی اقدام سے ملک میں نہ صرف ہاؤسنگ سیکٹر کو زبردست فروغ ملے گا، بلکہ بینکوں کے ذریعے آسان شرائط پر فنانسنگ ممکن ہو سکے گی اور پرائیویٹ ڈویلپرز کے اشتراک سے کم آمدنی والے طبقے کے لیے سستے گھروں کی تعمیر کا خواب سچ ثابت ہو سکے گا۔