حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سعودی عرب میں نئے عمرہ سیزن کا آغاز، ویزوں کا اجرا شروع Home / بین الاقوامی /

سعودی عرب میں نئے عمرہ سیزن کا آغاز، ویزوں کا اجرا شروع

ایڈیٹر - 02/06/2026
سعودی عرب میں نئے عمرہ سیزن کا آغاز، ویزوں کا اجرا شروع

ریاض: سعودی عرب نے حج سیزن کے اختتام کے فوراً بعد نئے عمرہ سیزن کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے دنیا بھر کے زائرین کے لیے عمرہ ویزوں کے اجرا کا عمل شروع کر دیا ہے۔

سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق بیرونِ ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کی مملکت آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جبکہ عمرہ ویزوں کے اجرا کا مرحلہ 9 مارچ 2027 تک جاری رہے گا۔ اس تاریخ کے بعد نئے عمرہ ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے۔

وزارت کے اعلامیے کے مطابق بین الاقوامی زائرین 23 مارچ 2027 تک سعودی عرب میں داخل ہو سکیں گے، جبکہ تمام عمرہ زائرین کو 7 اپریل 2027 تک مملکت سے روانہ ہونا لازمی ہوگا۔

حکام نے بتایا کہ زائرین عمرہ اجازت نامے اور مکہ مکرمہ میں داخلے کے پرمٹس سعودی حکومت کی ڈیجیٹل سروس نسک کے ذریعے حاصل کر سکیں گے۔ یہ پلیٹ فارم عمرہ و حج سے متعلق مختلف سہولیات، بکنگ، رہنمائی اور اجازت ناموں کے حصول کے لیے مرکزی نظام کے طور پر کام کر رہا ہے۔

سعودی حکومت نے حالیہ برسوں میں عمرہ خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا ہے۔ نسک پلیٹ فارم کے ذریعے الیکٹرانک پرمٹس، خودکار تصدیقی نظام اور کیو آر کوڈ پر مبنی سہولیات متعارف کرائی گئی ہیں تاکہ زائرین کو تیز، محفوظ اور منظم خدمات فراہم کی جا سکیں۔

حکام کے مطابق مملکت کے ویژن 2030 کے تحت حج و عمرہ کے شعبے میں مزید بہتری کے لیے ٹرانسپورٹ، رہائش اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، جس کا مقصد مستقبل میں بڑھتی ہوئی تعداد میں آنے والے زائرین کے لیے سہولیات میں اضافہ اور ان کے سفر کو مزید آسان بنانا ہے۔