اسلام آباد: وفاقی حکومت کا آئندہ مالی سال کا بجٹ 5 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ختم ہو گیا ہے، جبکہ بجٹ کی نئی تاریخ کے تعین کے لیے مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا 3 جون کو طلب کیا گیا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کے التوا کے باعث بجٹ شیڈول میں تبدیلی ناگزیر ہو گئی ہے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی بجٹ پیش کرنے کی حتمی تاریخ تاحال طے نہیں کی گئی، تاہم اسے 8، 10 یا 12 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کے امکانات زیر غور ہیں۔
قومی اسمبلی کے ذرائع کے مطابق 10 جون بجٹ پیش کرنے کے لیے مضبوط امکان کے طور پر سامنے آ رہی ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ متعلقہ مشاورت مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق این ای سی اجلاس بجٹ سازی کے عمل کا اہم مرحلہ ہوتا ہے، جس میں ترقیاتی اور معاشی اہداف کی منظوری دی جاتی ہے۔
بجٹ کی تاریخ میں ممکنہ تبدیلی کے باعث حکومتی مالیاتی منصوبہ بندی اور پارلیمانی شیڈول میں بھی ردوبدل متوقع ہے۔