اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 27-2026 کے سالانہ ترقیاتی بجٹ اور معاشی پلان کے تحت ملک بھر میں 20 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا کرنے کا باقاعدہ ہدف مقرر کر دیا ہے ۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق، حکومت کا دعویٰ ہے کہ 30 جون کو ختم ہونے والے رواں مالی سال کے دوران ملک میں 18 لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا کیے گئے ۔ نئی دستاویز کے مطابق روزگار پیدا کرنے کا یہ بڑھتا ہوا رجحان ملکی سطح پر وسیع البنیاد، جامع اور روزگار پر مبنی معاشی نمو (Economic Growth) کو مضبوط سہارا فراہم کرے گا۔
سرکاری تزویراتی دستاویز (Strategic Document) کے مطابق، آئندہ مالی سال کے دوران سب سے زیادہ روزگار خدمات (Services Sector) کے شعبے میں پیدا ہونے کی توقع ہے جہاں 11 لاکھ نوکریوں کے مواقع پیدا کیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ صنعتی شعبے (Industrial Sector) میں 5 لاکھ اور زراعت کے شعبے (Agriculture Sector) میں 4 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر جاری روزگار کی فراہمی کے پروگرام لیبر مارکیٹ میں نوجوانوں کی شرکت، جدید کاروبار، تکنیکی مہارتوں (Technical Skills) اور میرٹ پر مبنی ملازمتوں کے لیے موزوں امیدواروں کے انتخاب کے نظام کو مزید مستحکم اور شفاف بنائیں گے۔