حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
86 روز بعد فضائی رابطہ بحال، بغداد سے کراچی براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع Home / بین الاقوامی /

86 روز بعد فضائی رابطہ بحال، بغداد سے کراچی براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع

ایڈیٹر - 25/05/2026
86 روز بعد فضائی رابطہ بحال، بغداد سے کراچی براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع

 

کراچی: عراق اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطے ایک طویل وقفے کے بعد بحال ہو گئے ہیں، جہاں 86 دن بعد بغداد سے کراچی کے لیے براہِ راست پروازوں کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا۔ عراق ائیر کی پہلی پرواز مسافروں کو لے کر علی الصبح کراچی ایئرپورٹ پہنچی، جس کے بعد واپسی کی پرواز بغداد کے لیے روانہ کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق بغداد سے آنے والی پرواز آئی اے 409 صبح 4 بج کر 53 منٹ پر کراچی پہنچی، جبکہ کراچی سے بغداد جانے والی پرواز آئی اے 410 مقررہ وقت پر صبح 7 بج کر 14 منٹ پر روانہ ہوئی۔ فضائی آپریشن کی بحالی کو دونوں ممالک کے درمیان سفری سہولیات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ بغداد سے کراچی کے لیے آخری براہِ راست پرواز 28 فروری کو آپریٹ کی گئی تھی، جبکہ کراچی آنے والی آخری پرواز 15 فروری کو لینڈ ہوئی تھی۔ بعد ازاں مئی کے آغاز میں شیڈول کی گئی چند پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں جس کے باعث فضائی رابطہ تعطل کا شکار رہا۔

عراق ائیر حکام کا کہنا ہے کہ بغداد سے اسلام آباد کے لیے بھی جلد براہِ راست فضائی سروس شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سفر مزید آسان ہونے کی توقع ہے۔