حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
لبیک کی صداؤں سے منیٰ گونج اٹھا، حج 2026 کے روح پرور مناسک کا آغاز Home / بین الاقوامی /

لبیک کی صداؤں سے منیٰ گونج اٹھا، حج 2026 کے روح پرور مناسک کا آغاز

ایڈیٹر - 25/05/2026
لبیک کی صداؤں سے منیٰ گونج اٹھا، حج 2026 کے روح پرور مناسک کا آغاز

سعودی عرب میں فریضۂ حج 2026 باقاعدہ طور پر شروع ہو گیا ہے اور دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے پندرہ لاکھ سے زائد عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ حج کے پہلے روز ”یوم الترویہ“ کے موقع پر حجاج کرام منیٰ میں قیام پذیر ہیں جہاں وہ نمازِ ظہر، عصر، مغرب اور عشاء ادا کریں گے جبکہ لبیک اللہم لبیک کی روح پرور صدائیں فضا میں گونج رہی ہیں۔

حج کے دوسرے مرحلے میں کل 9 ذی الحجہ کو عازمین نمازِ فجر کے بعد میدانِ عرفات روانہ ہوں گے، جہاں وقوفِ عرفہ ادا کیا جائے گا جو حج کا سب سے اہم رکن تصور کیا جاتا ہے۔ لاکھوں فرزندانِ اسلام میدانِ عرفات میں عبادات، دعا اور استغفار میں مصروف رہیں گے۔

سعودی حکومت نے رواں سال حج کو محفوظ، منظم اور آرام دہ بنانے کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے ہیں۔ منیٰ، عرفات اور دیگر مقدس مقامات پر جدید کولنگ سسٹمز، پانی کی پھوار والے پنکھے، سایہ دار راستے اور خصوصی شیڈز نصب کیے گئے ہیں تاکہ شدید گرمی کے دوران حجاج کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس کے علاوہ ماحول کو خوشگوار رکھنے کے لیے شجرکاری مہم بھی مکمل کی گئی ہے جبکہ پیدل سفر کرنے والے حجاج کے لیے خصوصی راہداریاں تیار کی گئی ہیں۔

سیکیورٹی، طبی سہولیات، پانی اور بجلی کی فراہمی کے لیے بھی جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ مختلف مقامات پر ہلالِ احمر، طبی ٹیمیں اور رضاکار مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ وزارتِ صحت کی جانب سے مختلف زبانوں میں آگاہی مواد تقسیم کیا جا رہا ہے۔ حجاج کو ہدایت کی گئی ہے کہ دھوپ میں غیر ضروری قیام سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور چھتری کے استعمال کو یقینی بنائیں۔

دوسری جانب پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستانی حجاج کے کیمپوں کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سعودی حکام سے ملاقات میں مثالی انتظامات پر سعودی حکومت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مکہ مکرمہ کے مقامی شہری بھی حجاج کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ منیٰ جانے والے راستوں پر عازمین میں ٹھنڈا پانی اور دیگر اشیائے ضروریہ تقسیم کی جا رہی ہیں، جس سے حج کے روحانی ماحول میں اخوت، محبت اور خدمتِ خلق کے جذبات نمایاں نظر آ رہے ہیں۔