حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اب شناختی کارڈ پر دستخط کرنا لازم نہیں،شناختی کارڈ پر انگوٹھے کے نشان کی پرنٹنگ بند۔نادرا Home / پاکستان /

اب شناختی کارڈ پر دستخط کرنا لازم نہیں،شناختی کارڈ پر انگوٹھے کے نشان کی پرنٹنگ بند۔نادرا

ایڈیٹر - 25/05/2026
اب شناختی کارڈ پر دستخط کرنا لازم نہیں،شناختی کارڈ پر انگوٹھے کے نشان کی پرنٹنگ بند۔نادرا

اسلام آباد (آئی این پی) – قومی ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے قومی شناختی کارڈ کے اجراء کے حوالے سے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں، جس کے تحت شناختی کارڈ بنواتے وقت دستخط کی شرط کو اختیاری بنا دیا گیا ہے۔ نادرا حکام کے مطابق نئے قواعد کے تحت اگر کوئی سائل پہلی مرتبہ شناختی کارڈ کے لیے درخواست دیتے وقت دستخط نہ کرنا چاہے، تو اس کے شناختی کارڈ پر دستخط کی جگہ 'این اے' (N/A) درج کر دیا جائے گا۔

نادرا کے نئے ضوابط میں جعل سازی اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایک اور اہم ترین فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت اب شناختی کارڈ پر دستخط کی جگہ انگوٹھے یا کسی دوسرے انگلی کے نشان (Thumb Impression) کی پرنٹنگ نہیں کی جائے گی۔ ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کارڈز کی جعل سازی کے امکانات کو ختم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، نادرا نے ناخواندہ افراد اور دستخط نہ کر سکنے والے شہریوں کے لیے ایک باقاعدہ آگاہی مہم کا بھی آغاز کر دیا ہے۔

جدید نظام کے تحت نادرا نے ہدایات جاری کی ہیں کہ موبائل ایپ (App) کے ذریعے درخواست جمع کرواتے وقت انگوٹھے کے نشان کی تصویر اپ لوڈ کرنے سے مکمل گریز کیا جائے۔ نادرا کے مطابق وہ تمام شہری جو اپنے شناختی کارڈ پر دستخط شامل کروانا چاہتے ہیں یا اپنے موجودہ دستخط تبدیل کروانے کے خواہشمند ہیں، ان کے لیے اب باقاعدہ طور پر 'درستگی کی درخواست' دینا لازمی ہوگا جس کے بعد ہی سسٹم میں تبدیلیاں ممکن ہوں گی۔