سوات ایکسپریس وے پر خورو کوٹھے رستم پل کے مقام پر ایک انتہائی ہولناک اور افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جہاں مسافر فلائنگ کوچ اور بس کے درمیان ہونے والے شدید تصادم کے نتیجے میں 16 مسافر جاں بحق اور 2 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو 1122 اور پولیس ذرائع نے ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔
پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق یہ حادثہ وین ڈرائیور کی شدید غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا، جس نے سڑک کے کنارے (سائیڈ پر) پارک کی گئی بس کو پیچھے سے زور دار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ فلائنگ کوچ بری طرح تباہ ہو گئی اور اس میں سوار مسافر موقع پر ہی جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس، تھانہ شہباز گڑھی پولیس، ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور مقامی افراد بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تمام جاں بحق افراد کی لاشوں اور شدید زخمیوں کو فوری طور پر مردان میڈیکل کمپلیکس (MMC) منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے مسافروں کا تعلق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے ہے، جن کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ ان کے اہلخانہ کو فوری مطلع کیا جا سکے۔ پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔