حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ٹرمپ کے دورہ بیجنگ کے بعد چین نے ایران سے پیچھے ہٹنا شروع کر دیا Home / بین الاقوامی /

ٹرمپ کے دورہ بیجنگ کے بعد چین نے ایران سے پیچھے ہٹنا شروع کر دیا

ایڈیٹر - 17/05/2026
ٹرمپ کے دورہ بیجنگ کے بعد چین نے ایران سے پیچھے ہٹنا شروع کر دیا

نیویارک : اقوامِ متحدہ میں متعین امریکی مندوب مائیکل والٹر نے ایک حیران کن اور بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بیجنگ کے بعد چین نے ایران کی سفارتی اور تزویراتی پشت پناہی سے پیچھے ہٹنا شروع کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارے میں خطاب کرتے ہوئے امریکی مندوب نے انکشاف کیا کہ واشنگٹن اور بیجنگ کے مابین اس اہم نکتے پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ آبنائے ہرمز پر کسی بھی قسم کا ٹول ٹیکس نافذ نہ کرنے پر بھی اتفاقِ رائے پایا گیا ہے۔

دوسری جانب سفارتی محاذ پر اس پیش رفت کے برعکس، اقوامِ متحدہ میں چین کے سفیر نے سلامتی کونسل میں آبنائے ہرمز سے متعلق پیش کی جانے والی امریکی قرارداد کے متن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ چینی سفیر کا مؤقف ہے کہ اس حساس مرحلے پر امریکی قرارداد کا موجودہ متن اور وقت کسی بھی طرح مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے کی موجودہ نازک صورتحال میں ایسی یکطرفہ قراردادیں منظور کرنا سودمند ثابت نہیں ہو گا، بلکہ اس وقت دونوں فریقین کو سنجیدگی، بردباری اور نیک نیتی پر مبنی مذاکرات کی میز پر لانے کی ضرورت ہے تاکہ خطے کو کسی نئے بحران سے بچایا جا سکے۔