اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (PTI) کے دو سینئر رہنماؤں اور اراکینِ اسمبلی کے درمیان شدید تلخ کلامی کے بعد معاملہ باقاعدہ ہاتھاپائی تک پہنچ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایوان کے اندر پی ٹی آئی کے ایم این ایز اقبال آفریدی اور جنید اکبر کے درمیان کسی تصفیہ طلب معاملے پر شدید جملوں کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی اور دونوں ارکان ایک دوسرے پر جھپٹ پڑے۔ واقعے کے فوری بعد ایوان میں موجود دیگر اراکینِ قومی اسمبلی نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو الگ کیا اور بیچ بچاؤ کرایا۔
حسبان میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکنِ قومی اسمبلی جنید اکبر نے معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اقبال آفریدی کو سمجھا رہے تھے کہ پہلے دوسرے رکن کو اپنی بات مکمل کرنے دیں اور پھر اس کا جواب دیا جائے، تاہم اقبال آفریدی کا مؤقف تھا کہ اس معاملے پر سرے سے بات ہی نہ کی جائے۔ جنید اکبر کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی بات سمجھنے کو تیار ہی نہ ہو تو پھر وہ کیا کر سکتے ہیں، یہ پورا معاملہ ایک غلط فہمی اور بات چیت کے دوران پیدا ہونے والی تلخی کے باعث بڑھا۔ دوسری جانب واقعے کے فوری بعد ایوان میں موجود دیگر اراکین نے صورتحال کو قابو میں کر کے ماحول کو دوبارہ معمول پر لانے کی کوششیں شروع کر دیں۔