اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف 15 مئی کو وفاقی دارالحکومت میں بڑے پیمانے پر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ عالمی مارکیٹ کے تناسب سے پیٹرول کی اصل قیمت 271 روپے بنتی ہے، تاہم حکومت 117 روپے کی بھاری لیوی اور دیگر ٹیکسز لگا کر عوام کو 401 روپے فی لیٹر پیٹرول فروخت کر رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بھارت اور بنگلہ دیش میں قیمتیں مستحکم ہیں، تو کیا عالمی حالات اور جنگ کے اثرات صرف پاکستان پر ہی مرتب ہو رہے ہیں؟
امیر جماعت اسلامی نے آئی پی پیز (IPPs) کے ساتھ معاہدوں کو کرپشن کا گڑھ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی کرپشن چھپانے کے لیے ان معاہدوں میں توسیع کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین سالوں میں بجلی کے ٹیکسز کی مد میں عوام سے 19 کھرب روپے بٹورے گئے۔ حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ 15 مئی کا احتجاج صرف شروعات ہے، اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو جماعت اسلامی ملک گیر ہڑتال اور پہیہ جام ہڑتال کا آپشن استعمال کرنے سے گریز نہیں کرے گی۔