حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایمل ولی خان کا مولانا محمد ادریس کے بیٹوں سے تعزیت کا اظہار، اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی پر کڑی تنقید Home / سیاست /

ایمل ولی خان کا مولانا محمد ادریس کے بیٹوں سے تعزیت کا اظہار، اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی پر کڑی تنقید

ایڈیٹر - 11/05/2026
 ایمل ولی خان کا مولانا محمد ادریس کے بیٹوں سے تعزیت کا اظہار، اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی پر کڑی تنقید

چارسدہ: اے این پی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان کا مولانا محمد ادریس کے بیٹوں سے تعزیت کا اظہار، اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی پر کڑی تنقید

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے چارسدہ کے علاقے ترنگزئی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چند روز قبل ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہونے والے ممتاز عالمِ دین شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس شہید کے بیٹوں انیس احمد، مولانا محمد ادریس (ثانی) اور بھائی مولانا فیاض احمد سے ملاقات کی۔ ایمل ولی خان نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے مولانا محمد ادریس کی شہادت کو پوری امتِ مسلمہ کا عظیم نقصان قرار دیا اور اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کی پالیسیوں کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے ایک سنگین دعویٰ کیا کہ "پی ٹی آئی اور ٹی ٹی پی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں"۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اسٹیبلشمنٹ حقیقی معنوں میں چاہے تو ان تمام گروہوں اور ان کی سرگرمیوں کو ایک ہی دن میں ختم کیا جا سکتا ہے۔

ایمل ولی خان نے اپنے خاندان کے شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کے خاندان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح عام باجوڑ، مہمند ایجنسی، وزیرستان، ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت اور بنوں میں لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں، اب وہی صورتحال حیات آباد پشاور تک پہنچ چکی ہے، جو کہ ریاست کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔