حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستان کے مختلف حصوں میں شدید ہیٹ ویو کا آغاز، پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی Home / پاکستان /

پاکستان کے مختلف حصوں میں شدید ہیٹ ویو کا آغاز، پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی

ایڈیٹر - 07/05/2026
پاکستان کے مختلف حصوں میں شدید ہیٹ ویو کا آغاز، پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی

 

اسلام آباد  : محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں آج سے 11 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت خطرے کے نشان کو چھو سکتا ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے اضلاع دادو، شہید بینظیر آباد، جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ اور خیرپور سمیت بلوچستان کے علاقوں سبی، تربت اور پنجگور میں شدید ترین گرمی کا امکان ہے، جہاں پارہ 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ اسی طرح جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، ڈیرہ غازی خان اور خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی شدید تپش رہے گی اور درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور پشاور سمیت بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں پارہ 39 سے 43 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جبکہ کراچی میں سمندری ہواؤں کے رخ بدلنے کی صورت میں درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہنیں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک سے بچا جا سکے۔