چارسدہ: اماراتِ اسلامیہ افغانستان کے سفیر کا دورہ، مولانا محمد ادریس شہید کی شہادت پر تعزیت اور مذمت
چارسدہ : اماراتِ اسلامیہ افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ چارسدہ کے علاقے ترنگزئی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے معروف عالمِ دین مولانا محمد ادریس شہید کے لواحقین اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی قیادت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے افغان حکومت کی جانب سے مولانا محمد ادریس کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان سفیر سردار احمد شکیب نے کہا کہ علمائے کرام کی شہادت محض ایک خاندان یا جماعت نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے ایک عظیم صدمہ ہے۔ انہوں نے حالیہ حملوں کو دشمنانِ اسلام کی بزدلانہ کارروائی اور گہری سازش قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایسی تخریب کاری سے دینی قوتوں کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید علمائے کرام کی قربانیاں اور دینی خدمات امت کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔
سردار احمد شکیب نے اماراتِ اسلامیہ افغانستان کی جانب سے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک اور جے یو آئی کی قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ تقریب میں جے یو آئی کے اکابرین سمیت بڑی تعداد میں سیاسی و سماجی شخصیات اور علماء نے شرکت کی، جنہوں نے شہید کی علمی و ملی خدمات پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔